سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب

سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا منتخب

0

پشاور: سہیل آفریدی خیبر پختونخوا کے نئے وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ارکان نے ووٹنگ کے ذریعے سہیل آفریدی کو قائد ایوان منتخب کیا۔ اسمبلی میں 145 ارکان میں سے 90 نے سہیل آفریدی کے حق میں ووٹ دیا۔ وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے لیے 73 ووٹ درکار تھے۔
سابق وزیر اعظم کو بیرون ملک سفر سے روک دیا گیا
اجلاس کے آغاز میں سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عمران خان نے وزیر اعلیٰ بنایا تھا اور انہوں نے اپنے قائد کی ہدایت پر استعفیٰ دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل کا مذاق نہ بنایا جائے، 19 ماہ میں حکومت نے صوبے کے لیے اہم اقدامات کیے اور اب خزانے میں 218 ارب روپے موجود ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعتراض اٹھایا کہ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ ابھی منظور نہیں ہوا، اس لیے نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب غیر قانونی ہے۔ ان کے مطابق گورنر نے علی امین گنڈا پور کو وضاحت کے لیے طلب کیا ہے اور اپوزیشن اس عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اپوزیشن کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے دو بار گورنر کو استعفیٰ بھیجا اور ایوان میں بھی اعلان کیا، اس لیے آئینی طور پر قائد ایوان کے انتخاب میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چند لوگوں کی خواہش ہے کہ سہیل آفریدی وزیر اعلیٰ نہ بنیں، لیکن اسمبلی آئین کے مطابق چلے گی۔

ووٹنگ کے بعد اسپیکر نے اعلان کیا کہ سہیل آفریدی کو 90 ارکان کی حمایت حاصل ہوئی ہے، اور وہ خیبر پختونخوا کے نئے قائد ایوان منتخب ہو گئے ہیں۔

سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے اور وہ 2024 کے عام انتخابات میں پہلی بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ وہ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے پی کے سابق صدر رہ چکے ہیں اور علی امین گنڈا پور کی کابینہ میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس اور بعد ازاں وزیر برائے ہائر ایجوکیشن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

سہیل آفریدی پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.