تمام سیاستدان قابل احترام ہیں لیکن کسی کی سیاست ریاست سے اوپر نہیں ہے: ترجمان پاک فوج
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ تمام سیاستدان ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں، مگر کسی بھی فرد کی سیاست کو ریاست سے بالا مقام تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے مختلف صحافتی سوالات کے جواب دیے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورننس کے خلا کو ہمارے سکیورٹی فورسز کے جوان اپنی قربانیوں سے پر کر رہے ہیں اور وہاں جاری دہشت گردی کے پیچھے سیاسی اور مجرمانہ گٹھ جوڑ موجود ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیاستدان قابلِ احترام ہیں، لیکن اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اس کی ذاتی سیاست ریاست سے بالاتر ہے تو یہ قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو اپنی سیاسی معاملوں میں شامل نہ کیا جائے، فوج کو گھٹیا بیانیے اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے دور رکھا جائے۔ کسی فرد کو اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی ذات کے لیے ریاست یا عوام کی جان، مال اور عزت کا سودا کرے۔ اگر کوئی فرد یہ سمجھتا ہے کہ اس کی سیاست ریاست سے بڑی ہے تو وہ قبول نہیں ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی سہولت کاری کرنے والوں کے لیے قطعِ نظر عہدے یا شناخت کے، حالات تنگ کیے جائیں گے۔ پاکستانی قوم نے سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہو کر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا ہے اور یہ عزم قائم رہے گا۔