یو اے ای میں عوامی شخصیات کو مصنوعی ذہانت سے پیش کرنا غیر قانونی قرار، خلاف ورزی پر بھاری جرمانے ہونگے
دبئی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں عوامی شخصیات اور قومی علامتوں کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے غلط انداز میں پیش کرنا غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے، اور اماراتی میڈیا کونسل نے واضح کیا ہے کہ ایسی سرگرمیاں قانون کی سنگین خلاف ورزی ہیں جن پر سخت جرمانے اور قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی کی شناخت کو متاثر کرنا، جھوٹا پراپیگنڈا، نفرت انگیزی یا سماجی اقدار پر حملہ ناقابلِ قبول ہوگا اور ان اقدامات پر میڈیا قوانین کے تحت سزا دی جائے گی۔ میڈیا کونسل نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بغیر اجازت مصنوعی ذہانت کے ٹولز استعمال نہ کریں، جبکہ اگلے ماہ سے نیا اشتہاری لائسنس سسٹم بھی نافذ کیا جا رہا ہے، جس کے تحت اب تک پچھتر ممالک سے تعلق رکھنے والے اٹھارہ سو سے زائد افراد کو اجازت نامے دیے جا چکے ہیں۔