بنگلادیش نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امداد کی پیشکش کی ہے، یہ پیشکش بنگلادیش کے مشیر برائے مذہبی امور اے ایف ایم خالد حسین نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کی، جہاں انہوں نے بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر کا خط بھی پیش کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے دوروں کے تسلسل پر اتفاق ہوا اور براہ راست پروازوں کی جلد بحالی پر بھی بات چیت کی گئی۔ بنگلادیشی مشیر نے وزیراعظم کو دورہ بنگلادیش کی دعوت دی جسے انہوں نے خیر مقدم کیا، جبکہ وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو مشترکہ تاریخ اور ثقافتی روابط کا مظہر قرار دیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی بنگلادیش کی جانب سے بھی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کی پیشکش کی گئی، جبکہ وزیر خارجہ کا بنگلادیش کا دورہ بھی حکومتی دعوت پر ہو رہا ہے۔