پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوگئے
پاکستان اور آرمینیا نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کرلیے۔
چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور آرمینیا کے وزیرخارجہ ارارات مرزویان کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان مشترکہ اعلامیہ کا تبادلہ کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
دوسری جانب سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے اور آرمینیا کے وزیر خارجہ آرات میر زویان نے چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام سے متعلق مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے اور اس کا تبادلہ بھی کیا۔
اسحاق ڈار کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سوویت یونین سے آزادی کے بعد آرمینیا کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں کئے تھے تاہم آرمینیا اور آزربائیجان کے درمیان امن معاہدہ ہونے کے بعد پاکستان نے آرمینیا سے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں گزشتہ ہفتوں دونوں وزرا خارجہ میں ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا۔