اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی میڈیکل رپورٹ انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں جمع کرا دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے عمران خان کے طبی معائنے سے متعلق علیمہ خان کی درخواست پر سماعت کی، جس دوران جیل حکام نے دو سالہ میڈیکل ہسٹری پر مبنی رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران خان کا علاج مختلف ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں جاری ہے۔ انہیں دانتوں، آنکھوں، کان، ناک، گلے اور ہڈیوں سے متعلق مسائل کا سامنا رہا، جن کے لیے ماہر امراض چشم، آرتھوپیڈک سرجن اور ای این ٹی اسپیشلسٹس بارہا چیک اپ اور علاج کرتے رہے۔
دستاویز کے مطابق عمران خان کے کولیسٹرول کی سطح زیادہ تھی، جس کے علاج پر جیل اسپتال میں کام ہو رہا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ انہیں وقت پر تمام دوائیں اور علاج فراہم کیا جاتا ہے، جب کہ 12 اگست کو چار رکنی ڈاکٹرز کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔
عدالت نے مزید سماعت کو یکم ستمبر تک کے لیے ملتوی کر دیا۔