وفاقی وزیر امیر مقام کا گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا تین روزہ دورہ، امدادی اقدامات اور متاثرین سے اظہار ہمدردی

0

گلگت بلتستان: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام نے گلگت بلتستان کے حالیہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا تین روزہ دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے مختلف مقامات کا دورہ کر کے متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی و بحالی کاموں کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر نے ضلع غذر کے تالی داس، چٹور کھنڈ اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں گلیشیئر پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات، بند سڑکوں اور متاثرہ خاندانوں کو پہنچنے والی مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے متاثرین کے کیمپوں کا دورہ کیا اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

وفاقی وزیر نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق بیس، بیس لاکھ روپے کے امدادی چیکس بھی تقسیم کیے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موبائل نیٹ ورک بحال کرنے اور سڑکوں کے رابطے جلد از جلد بحال کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے متاثرین کی دوبارہ آبادکاری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت کی مکمل معاونت کا یقین دلایا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور کابینہ نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور ان کے دورے کو سیلاب زدہ علاقوں کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کو ہمیشہ اپنی ترجیح سمجھتی ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

 

یہ دورہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا تاکہ سیلاب متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا سکے اور علاقے میں معمولات زندگی جلد از جلد بحال ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.