ہم فرشتے نہیں، 9 مئی ایک غلطی تھی، ہم سب نے مذمت کی، تحریکِ انصاف نے بیرسٹر گوہر  کے بیان پر وضاحت جاری کردی

0

چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات ایک "غلطی” تھے جس کی جماعت نے بھرپور مذمت کی ہے۔ تاہم، ان کے اس بیان کے بعد پی ٹی آئی نے باضابطہ وضاحت جاری کرتے ہوئے میڈیا پر چلنے والی خبروں کو "حقائق کے برعکس اور گمراہ کن” قرار دیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:

"ہم فرشتے نہیں، 9 مئی ایک غلطی تھی، جس کی ہم سب نے مذمت کی۔ دوبارہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ ہم نے ان واقعات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ:

"ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں، اور امید کرتے ہیں کہ پارلیمنٹ کا بھی احترام کیا جائے گا۔ اب بس ہونی چاہیے، انصاف ہونا چاہیے۔ ہم انتخابات میں 180 نشستیں جیتے، لیکن اسمبلی آئے تو 91 رہ گئیں، اور اب 76۔ اتنے تو خزاں میں پتے نہیں جھڑتے جتنی نشستیں ہم سے واپس لے لی گئیں۔”

بیرسٹر گوہر کے بیان کے بعد، پاکستان تحریکِ انصاف نے ایک وضاحتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے چیئرمین کے بیانات کو "توڑ مروڑ کر اور پارٹی مؤقف کے طور پر” پیش کیا جا رہا ہے، جو سراسر غلط ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق:

"یہ وضاحت کرنا ضروری ہے کہ پارٹی کی طرف سے کوئی سرکاری معذرت نامہ یا مؤقف میں تبدیلی نہیں کی گئی۔ تحریکِ انصاف آج بھی عمران خان کے نظریے اور مؤقف پر قائم ہے۔”

ترجمان نے مزید کہا:

"یہ تاثر دینا کہ پارٹی نے کسی دباؤ کے تحت معذرت کی ہے، بے بنیاد اور گمراہ کن ہے۔ 9 مئی کے واقعات ایک ‘فالس فلیگ آپریشن’ تھے، جن کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور پارٹی کے خلاف پراپیگنڈا کرنا تھا۔”

بیان میں واضح کیا گیا کہ:

"تحریکِ انصاف اپنی جدوجہد، بیانیے اور مؤقف میں کسی قسم کی نرمی یا تبدیلی کے بغیر قائم ہے، اور عمران خان کی قیادت میں جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے پرعزم ہے۔”

Leave A Reply

Your email address will not be published.