گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے درمیان آج گلگت میں ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں حالیہ سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، متاثرہ شاہراہوں کی بحالی اور جاری امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران گورنر سید مہدی شاہ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) اور محکمہ مواصلات کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر کی جانے والی ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ مشکل حالات میں بروقت بھاری مشینری کی فراہمی اور سڑکوں کی بحالی ایک قابلِ تحسین کارنامہ ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ ایک قدرتی آفت تھی جس سے نمٹنے کے لیے پہلے دن ہی سے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور دیگر ادارے متحرک ہو گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب اور سندھ سے بھی مشینری اور عملہ گلگت بلتستان بھیجا گیا تاکہ امدادی کاموں میں تیزی لائی جا سکے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ خود ذاتی طور پر متاثرہ شاہراہوں کا جائزہ لینے کے لیے گلگت بلتستان آئے ہیں۔ ملاقات کے دوران نلتر ایکسپریس وے، بابو سر روڈ، غذر ایکسپریس وے اور دیگر اہم شاہراہوں کی بحالی پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ٹیمیں مکمل بحالی تک مسلسل سرگرم رہیں گی، اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین مربوط رابطہ عوام کو جلد ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
ملاقات میں حالیہ بارشوں سے مختلف اضلاع میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کی مکمل معاونت جاری رہے گی۔