خانپور اور لاہور میں پیش آنے والے الگ الگ واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے شکنجے میں جکڑ لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل میلسی میں سی سی ڈی سرکل اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ترجمان کے مطابق دو ملزمان نے گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔ جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، جس کی شناخت تنویر کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ملزم متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا اور کم سن بچیوں کے ساتھ زیادتی کے 10 سے زائد واقعات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ زخمی کانسٹیبل اور ملزم کی لاش کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ادھر لاہور کے علاقے میں بھی خاتون پر تشدد اور اغوا کی کوشش کرنے والا ملزم قانون کی گرفت میں آ گیا۔ پولیس کے مطابق شاہ زیب نامی ملزم نے موٹرسائیکل سوار خاتون کو روک کر تشدد کا نشانہ بنایا، تھپڑ مارے اور زبردستی بائیک سے گرا دیا۔ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
اسی طرح لاہور کے علاقے ہنجروال میں چوتھی جماعت کی طالبہ سے نازیبا حرکات کرنے والے اسکول پرنسپل غلام نبی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ متاثرہ بچی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی جاری ہے۔