گلگت بلتستان میں سیلابی صورت حال کے پیش نظر وزیر داخلہ شمس لون کی زیر صدارت رات گئے ہنگامی اجلاس، ضلعی انتظامیہ کو فوری اقدامات کی ہدایت

0

گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال کے پیش نظر وزیر داخلہ شمس الحق لون کی زیر صدارت محکمہ داخلہ گلگت میں رات گئے ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنرز، ریجنل پولیس افسران، ڈائریکٹر جنرل جی بی ڈی ایم اے، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے تمام ضلعی و علاقائی افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ایمرجنسی الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، جی بی ڈی ایم اے اور دیگر امدادی ادارے قریبی رابطے میں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشیبی اور حساس علاقوں میں فوری طور پر سروے کیا جائے اور خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ اس حوالے سے عوام کو پیشگی اطلاع فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام اضلاع میں ایمرجنسی کنٹرول رومز کو فعال رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔ مزید برآں، اجلاس میں خوراک، ادویات، صاف پانی اور دیگر ضروری اشیاء کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی گئی تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

وزیر داخلہ شمس الحق لون نے واضح کیا کہ حکومت گلگت بلتستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو چوبیس گھنٹے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، افواہوں سے اجتناب کریں اور صرف مصدقہ ذرائع سے اطلاعات حاصل کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.