محسن نقوی کو وزیر اعظم اور نواز شریف کو صدر بنانے خبروں کی پر اسحاق ڈار نے کیا کہا؟
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے محسن نقوی کو وزیر اعظم اور نواز شریف کو صدر مملکت بنانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
حضرت داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی باتیں محض افواہیں اور ڈس انفارمیشن پر مبنی ہیں، ان سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ محسن نقوی کو وزیر اعظم بنانے کی کوئی بات ہوئی ہے، نہ ہی نواز شریف کے متعلق ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران نائب وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک ادارے اور سیاسی جماعتیں مل کر ملک کے لیے کام نہیں کریں گی، تب تک وقت ضائع ہوتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت خارجہ میں امریکی وفد سے ملاقات ہوئی، جس میں بی ایل اے اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ سے متعلق پاکستان کے فراہم کردہ شواہد پر تبادلہ خیال ہوا۔ اسحاق ڈار کے مطابق امریکی وفد کے سربراہ نے مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی خوشخبری دی۔
اسحاق ڈار نے وزیر اعظم شہباز شریف کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکا تو اسے جنگ تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود انٹرنیشنل فورمز پر گیا تھا، اور انڈس واٹر ٹریٹی بین الاقوامی قوانین کے تحت ختم نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اللہ تعالیٰ کی خاص عنایت سے سفارتی محاذ پر بھی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے جشن آزادی اور عرس داتا گنج بخش کے موقع پر خصوصی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان تین دنوں میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حضور ﷺ کا ارشاد ہے کہ دعا کرتے وقت قبولیت کی فکر نہ کرو، اللہ تعالیٰ دعا سنتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اسلامی قلعہ بنانے کے لیے بھی دعا کریں، اللہ تعالیٰ نے ہمیں معرکہ حق میں عظیم کامیابی عطا کی، یہ سلسلہ 22 اپریل سے شروع ہوا اور 6 مئی سے 10 مئی کے درمیانی ایام نہایت اہم تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک پُرامن قوم ہیں اور وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔