9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے 4 رہنماؤں کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم

0

9 مئی 2023 کے جلاؤ گھیراؤ کے دو اہم مقدمات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے مجرموں کے لیے جیل وارنٹ بھی جاری کیے ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کو 10 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے، اعجاز چوہدری کو 10 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے، میاں محمود الرشید کو 10 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے، جبکہ عمر سرفراز چیمہ کو بھی اتنی ہی سزا سنائی گئی ہے۔ ان ملزمان کے خلاف تھانہ شادمان اور تھانہ سرور روڈ میں مقدمات درج تھے۔

عدالت نے گزشتہ روز دونوں مقدمات کا فیصلہ سنایا، جن میں 9 مئی کو راحت بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے اور تھانہ شادمان کو آگ لگانے کے واقعات شامل تھے۔ تاہم، شاہ محمود قریشی کو ان دونوں مقدمات سے بری کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے ملک بھر میں شدید احتجاج کیا گیا تھا۔ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو آگ لگانے سمیت فوجی، سرکاری اور نجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اس پُرتشدد احتجاج میں کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ، جناح ہاؤس، پر دھاوا بولا اور راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا گیٹ بھی توڑ دیا گیا۔ ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں اور توڑ پھوڑ میں ملوث تقریباً 1900 افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ عمران خان، ان کے قریبی ساتھیوں اور دیگر کارکنان کے خلاف بھی مختلف مقدمات درج کیے گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.