چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی گرد اب بیٹھ جانی چاہیے، حساب برابر ہو چکا ہے، اب وقت ہے کہ ایک دوسرے کو عزت، پہچان اور سیاسی گنجائش دی جائے۔
بونیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پی ٹی آئی کو سیاسی اسپیس نہ ملی تو جمہوریت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ 5 اگست کے بعد پارٹی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، اور 14 اگست کو ایک ملک گیر تحریک کا آغاز بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وقت 39 پارلیمنٹرینز نااہلی اور سزاؤں کے خدشات کا سامنا کر رہے ہیں، جس سے نظام کے غیر مستحکم ہونے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کا اداروں اور عدلیہ پر اعتماد کمزور ہو رہا ہے، اور ملکی ترقی کے لیے سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم کرنا ناگزیر ہے۔
بیرسٹر گوہر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ٹی آئی ریاست کی سلامتی، جمہوریت کے فروغ اور عدلیہ کی آزادی کی حامی ہے۔