بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کیس میں ضمانت منسوخی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

0

**بانی پاکستان تحریک انصاف نے 9 مئی کیس میں ضمانت منسوخی کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا**

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی نے 9 مئی کے مقدمے میں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت منسوخی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ضمانت منسوخی کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی تھی، جس کے بعد انہوں نے اس فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کیا۔

سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی آر میں واضح شواہد کی عدم موجودگی اور نیب حراست میں ہونے کے باعث 9 مئی کے واقعات میں معاونت کا الزام بے بنیاد ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف مقدمات میں پراسیکیوشن کے بیانات تضاد کا شکار ہیں، جس سے کیس کی شفافیت مشکوک ہو گئی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس نے پانچ ماہ تک گرفتاری سے گریز کیا، جو بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ دیگر شریک ملزمان کو ضمانت دی جا چکی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے مطابق پولیس کے تاخیری اور غیر مربوط بیانات ناقابل اعتبار ہیں اور ان کے خلاف شواہد ناکافی ہیں، اس لیے انہیں ضمانت کا قانونی حق حاصل ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ ان کے خلاف درج مقدمہ سیاسی انتقام پر مبنی ہے، جو ان کے آئینی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر ضمانت بحال کی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.