بلوچستان میں پولیو کے حوالے سے بڑی خبر، کئی علاقوں سے وائرس ختم

0

کوئٹہ: بلوچستان میں پولیو وائرس کے خلاف ایک اہم کامیابی سامنے آئی ہے، جہاں ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔

صوبے کے 23 میں سے 19 علاقوں سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ ہو چکا ہے، جبکہ حالیہ ٹیسٹ کے مطابق صرف 4 علاقوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق بلوچستان میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی شرح ایک سال کے دوران 98 فیصد سے کم ہو کر صرف 17 فیصد رہ گئی ہے۔ کوآرڈینیٹر انعام الحق نے بتایا کہ رواں سال کے آغاز میں صوبے کے تمام 23 ماحولیاتی نگرانی مراکز سے وائرس کی موجودگی رپورٹ ہوئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2024 کی پہلی ششماہی میں نمونوں میں وائرس کی شرح 72 فیصد رہی، جبکہ دوسری ششماہی میں یہ شرح 98 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ ستمبر 2024 میں وائرس کی شدت انتہا پر تھی جب 95 فیصد نمونے مثبت آئے تھے۔

انعام الحق کے مطابق ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی نمایاں کمی ایک مثبت پیش رفت ہے اور اس میں شامل تمام اداروں اور کارکنوں کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پولیو کے مکمل خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.