پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گزشتہ روز ہونے والے پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی صورتحال، امن و امان، اور پارٹی کی آئندہ حکمتِ عملی پر غور کیا گیا، جبکہ عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک شروع کرنے کی تجاویز بھی زیر بحث آئیں۔

باخبر ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا کہ پنجاب اسمبلی کے باہر پی ٹی آئی کے ارکان کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جہاں وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق باقاعدہ تحریک کا اعلان بھی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم اجلاس میں پارٹی کے بعض مرکزی رہنما جنید اکبر خان، عاطف خان، شہرام ترکئی اور شیر علی ارباب شریک نہیں ہوئے، جسے سیاسی حلقوں میں خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، فراز مغل نے تصدیق کی ہے کہ علی امین گنڈاپور جمعرات کو اسلام آباد روانہ ہوں گے اور اس کے بعد لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔ ترجمان کے مطابق، ان کے ہمراہ صوبائی اسمبلی کے ارکان اور مختلف تحصیلوں کے چیئرمینز بھی موجود ہوں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اسمبلی کے باہر ہونے والے احتجاج کی قیادت کریں گے اور وہیں عمران خان کی رہائی کے لیے باقاعدہ تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔
