حمیرا اصغر کی لاش 6 ماہ سے بھی زائد پرانی نکلی
کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں واقع ایک فلیٹ سے معروف ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش برآمد ہوئی ہے،
جو ابتدائی معائنے کے مطابق چھ ماہ سے زائد پرانی بتائی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فلیٹ کی مکمل تلاشی کے دوران کسی قسم کے تازہ خون کے نشانات نہیں ملے، جب کہ لاش اس حد تک خراب ہو چکی تھی کہ جسمانی جوڑ گلنے لگے تھے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اداکارہ نے آخری بار مئی 2024 میں کرایہ ادا کیا تھا، جب کہ اکتوبر کے آخر میں کے الیکٹرک نے بجلی کی فراہمی بند کر دی تھی، جو بجلی کا بل ادا نہ کرنے کی وجہ سے ہوا۔ پولیس نے فلیٹ سے ملنے والی اشیاء، خاص طور پر فرج میں رکھی خوراک کی جانچ کی، جن کی میعاد بھی اکتوبر 2024 تک درج تھی۔
پولیس کی ٹیم نے عدالتی حکم پر کارروائی کرتے ہوئے جب فلیٹ کا دروازہ نہ کھولنے پر اسے توڑا تو اندر سے بدبو اور تعفن کے درمیان لاش برآمد ہوئی۔ سرچ آپریشن مکمل کرنے کے بعد فلیٹ کو ڈی سیل کر دیا گیا ہے اور ابتدائی رپورٹ لیڈی میڈیکو لیگل افسر کی جانب سے تیار کر لی گئی ہے۔
تاحال اداکارہ کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ حمیرا اصغر نے 2022 میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے مشہور رئیلٹی شو "تماشہ” میں شرکت کی تھی، جہاں سے انہیں نمایاں شہرت حاصل ہوئی۔