کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں کا ایک اور خط سامنے آگیا

0

(نیوز ڈیسک)کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی رہنماؤں کا ایک نیا خط منظر عام پر آگیا

تحریک انصاف کے قید رہنماؤں، جن میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ شامل ہیں، نے کوٹ لکھپت جیل سے ایک اور خط جاری کیا ہے۔
اس تازہ خط میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں ہونے والا میثاقِ جمہوریت، جو ملک میں آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا، بدقسمتی سے انہی جماعتوں کی ذاتی مفادات کی سیاست کی نذر ہو چکا ہے جنہوں نے یہ معاہدہ کیا تھا۔
رہنماؤں نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ موجودہ حکومت نے اظہارِ رائے کی آزادی پر پابندی لگانے کے لیے میڈیا پر پیکا جیسے قوانین نافذ کیے، عدلیہ کی خودمختاری کو کمزور کرنے کی کوشش میں 26ویں آئینی ترمیم کی، اور پارلیمنٹ کے اختیار کو فارم 47 جیسے متنازع طریقوں سے محدود کر دیا۔
خط میں زور دیا گیا ہے کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے آئینی اصولوں اور قانون کی حکمرانی کو ہر حال میں ترجیح دی جانی چاہیے، جبکہ عوام کے جمہوری حقوق کا مکمل احترام کیا جانا لازمی ہے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی ان رہنماؤں کی جانب سے جاری کیے گئے ایک خط میں حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان بامعنی مذاکرات کی اپیل کی گئی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.