واٹس ایپ میں چیٹس کے لیے بہترین فیچر کا اضافہ
میسجنگ کی دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک اہم اور کارآمد فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر لی ہے، جس سے چیٹنگ کا تجربہ مزید منظم اور سہل ہو جائے گا۔
ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ "ویب بیٹا انفو” کے مطابق، واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژنز میں ایسا فیچر سامنے آیا ہے جس کی بدولت صارفین کسی مخصوص میسج پر "تھریڈ” انداز میں ریپلائی کر سکیں گے، بالکل اسی طرح جیسے فیس بک یا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کمنٹس کے جواب دیے جاتے ہیں۔
اس وقت واٹس ایپ میں کسی میسج پر کیا گیا جواب عمومی طور پر ایک الگ پوسٹ کی صورت میں دکھائی دیتا ہے، جس سے پرانی گفتگو کو فالو کرنا مشکل ہوتا ہے۔ تاہم نئے فیچر کے ذریعے تمام ریپلائیز اصل میسج کے نیچے مربوط انداز میں ظاہر ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق، جب کوئی صارف کسی پیغام پر جواب دے گا تو اس میسج پر ایک چھوٹا سا آئیکون نمودار ہوگا، جس پر کلک کرنے سے متعلقہ تمام جوابات بآسانی دیکھے جا سکیں گے۔ صارفین اسی تھریڈ کے اندر مزید ریپلائیز بھی ارسال کر سکیں گے، جس سے گفتگو کا تسلسل برقرار رہے گا۔
یہ نیا فیچر خاص طور پر گروپ چیٹس میں مفید ثابت ہوگا جہاں پیغامات کی بھرمار کے باعث بات چیت کا سراغ لگانا اکثر مشکل ہو جاتا ہے۔
اگرچہ یہ فیچر فی الحال تجرباتی مراحل میں ہے اور صرف بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ جلد ہی اسے تمام صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔