اسلام آباد کی عدالت کا 27 معروف یوٹیوبرز کے چینل بلاک کرنے کا حکم

0

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے ریاست مخالف مواد کی تحقیقات کے بعد اسلام آباد کی عدالت نے یوٹیوب پر موجود 27 چینلز کو بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔ ان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا آفیشل چینل اور متعدد معروف یوٹیوبرز کے پلیٹ فارمز شامل ہیں۔

یہ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے ایف آئی اے کی درخواست پر سناتے ہوئے دیا۔ دو صفحات پر مشتمل عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے 2 جون 2025 کو ان چینلز کے خلاف ریاست مخالف بیانیے کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد حاصل شدہ شواہد عدالت کے سامنے پیش کیے گئے۔

عدالت نے قرار دیا کہ پیش کردہ شواہد تسلی بخش اور قابل قبول ہیں، جن کی بنیاد پر ان چینلز کے خلاف کارروائی ضروری سمجھی گئی۔ حکم میں یوٹیوب انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان چینلز کو فوری طور پر بلاک کرے۔

عدالتی حکم کے مطابق جن یوٹیوبرز کے چینلز بند کرنے کا کہا گیا ہے ان میں مطیع اللہ جان، اسد طور، صدیق جان، اوریا مقبول جان، حبیب اکرم، عمران ریاض خان، صابر شاکر، آفتاب اقبال، وجاہت سعید خان، معید پیرزادہ، مخدوم شہاب الدین، حیدر مہدی، صبیح کاظمی، آرزو کاظمی اور ساجد گوندل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یوٹیوبر رانا عزیز اور پاکستان تحریک انصاف کا یوٹیوب چینل بھی بلاک کرنے کی فہرست میں شامل ہے۔

فیصلے میں عدالت نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ چینلز پر شائع ہونے والا مواد ریاستی بیانیے کے خلاف ہے، اور ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق یہ قومی مفادات کو نقصان پہنچا سکتا ہے، اس لیے ان کے خلاف کارروائی کی اجازت دی جاتی ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.