اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت کا پنشن میں 7 فیصد اضافہ، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔
وفاقی حکومت نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جو یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اس اضافے کا اطلاق تمام ریٹائرڈ سول ملازمین، فوجی اہلکاروں اور سول آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ افراد پر ہوگا۔ یکم جولائی 2025 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین بھی اس اضافے سے مستفید ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پنشن کم گریجویایٹی اسکیم کے تحت دی جانے والی فیملی پنشنز میں بھی یہی اضافہ شامل ہوگا۔ اس ضمن میں 30 جون 2025 تک دی جانے والی نیٹ پنشن کو "بیس پنشن” تصور کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے 30 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس اور 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کے نوٹیفکیشنز بھی جاری کر دیے ہیں۔ تمام فیصلے صدرِ مملکت کی منظوری کے بعد نافذ کیے گئے ہیں۔