لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کو بحال نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ عدالتی فیصلوں پر عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، حتیٰ کہ انہیں جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے اور ان کی تنخواہیں بھی روکی جا سکتی ہیں۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود انہیں نوکری پر بحال نہیں کیا جا رہا، حالانکہ عدالت نے برطرفی کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے فوری بحالی کی ہدایت کی تھی۔ درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ نہ صرف بحالی کی جائے بلکہ واجب الادا تنخواہیں بھی ادا کی جائیں۔
سرکاری وکیل نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
عدالت نے واضح کیا کہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
