یونان میں جنگلات میں شدید آگ، شہری محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے لگے
(نیوز ڈیسک)یونان کے جزیرے کریٹ میں جنگل کی آگ بے قابو، لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی

یونان کے جزیرے کریٹ میں جنگلات میں لگی آگ نے شدید صورتحال اختیار کرلی ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، کریٹ کے جنگلات میں لگنے والی آگ تیز ہواؤں کے باعث مزید شدت اختیار کر رہی ہے، جن کی رفتار بیفورٹ اسکیل پر آٹھ درجے تک نوٹ کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق آگ کے شعلے جنوب کی سمت تیزی سے بڑھنے کا خدشہ ہے، جو ایندھن کے مراکز، سیاحتی مقامات، رہائشی عمارات اور دیگر اہم بنیادی ڈھانچوں کو متاثر کرسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، متاثرہ علاقوں میں دھوئیں کی گھنی تہہ کے باعث حدِ نگاہ نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، جس سے امدادی کارروائیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
یونانی وزارتِ صحت نے تمام مقامی اسپتالوں کو الرٹ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری طور پر مدد فراہم کی جا سکے۔ اطلاعات کے مطابق اب تک تقریباً 1,500 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترکیہ کے شہر ازمیر میں بھی جنگلات میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کے باعث درجنوں دیہات خالی کروا لیے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، اب تک 50 ہزار سے زائد افراد کو وہاں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ازمیر میں دوسرے روز بھی فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ حکام نے اب تک 41 بستیاں خالی کرالی ہیں۔
ترک وزیر جنگلات کے مطابق، تیز ہواؤں کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے، جس نے آگ کو مزید پھیلنے میں مدد دی ہے۔ آگ بجھانے کے عمل میں ایک ہزار سے زائد امدادی اہلکار اور متعدد ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔
