نیپرا نے ملک بھر میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کردی

0

کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے یکم جولائی سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کردی۔

وفاقی حکومت  کی درخواست پر نیپرا نے گزشتہ روز ملک بھر کے لیے یکساں بنیادی ٹیرف پر سماعت کی تھی۔

نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ سماعت کے بعد لائف لائن صارفین کے سوا تمام صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی ایک روپے 15پیسےسستی کردی گئی ہے جس کا اطلاق کےالیکٹرک سمیت تمام صارفین پر ہوگا۔

نیپرا کے مطابق ماہانہ 50 یونٹ تک لائف لائن صارف کاٹیرف 3 روپے 95 پیسےفی یونٹ پربرقرار اور ماہانہ 100 یونٹ استعمال پرلائف لائن صارف کا ٹیرف 7 روپے 74 پیسے فی یونٹ پر برقرار ہے۔

نیپرا کا بتانا ہےکہ ماہانہ 100 یونٹ استعمال پر پروٹیکٹڈ صارف کے ٹیرف میں ایک روپے 15 پیسے کمی کرکے نیا ٹیرف 10روپے 54 پیسے مقرر کیا گیا ہے جب کہ ماہانہ 200 یونٹ استعمال پر پروٹیکٹڈ صارف کا ٹیرف 13 روپے ایک پیسے مقرر کیا گیا ہے۔

نیپرا کے مطابق نان پروٹیکٹڈ صارفین کی تمام کیٹیگریز کیلئے بھی فی یونٹ بجلی ایک روپے 15 پیسے سستی کی گئی ہے۔

نیپرا کے مطابق کمرشل صارفین کیلئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک  روپے15 پیسے کمی کرکے نیا اوسط بنیادی ٹیرف 45 روپے 43 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ جنرل سروسز کیلئے فی یونٹ بجلی ایک روپے 15 پیسے سستی کرکے نیا ٹیرف 43 روپے 17 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، صنعتوں کیلئے بھی فی یونٹ بجلی اوسطاً  ایک روپے 15 پیسے سستی کرکے نیا نیا ٹیرف 33 روپے 48 پیسے مقرر کیا گیا ہے۔

نیپرا کے مطابق بلک بجلی صارفین کیلئے بھی فی یونٹ بجلی ایک روپے 15 پیسے سستی کرکے نیا بنیادی ٹیرف 41 روپے76 پیسے مقرر کیا گیا ہے جب کہ زرعی صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی ایک روپے 15 پیسے سستی  کرکے فی یونٹ بنیادی نرخ  30 روپے 75 پیسے مقرر کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.