امریکہ کے مشرق وسطیٰ میں کتنے فوجی اڈے اور کتنے ہزاروں اہلکار تعینات؟ جانئے تفصیل
واشنگٹن: امریکہ کے مشرق وسطیٰ میں کئی ممالک میں فوجی اڈے قائم ہیں، جہاں چالیس سے پچاس ہزار کے قریب امریکی فوجی تعینات ہیں۔
بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق، امریکہ کے مستقل فوجی اڈے بحرین، مصر، عراق، اردن، کویت، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں قائم ہیں۔ ان اڈوں کا مقصد خطے میں سیکیورٹی، لاجسٹکس، فضائی کارروائیوں اور انٹیلیجنس کا تبادلہ ہے۔
قطر میں قائم العدید ایئربیس مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا امریکی فوجی اڈہ ہے جہاں 10 ہزار سے زائد فوجی اہلکار تعینات ہیں۔ یہ اڈہ امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کا اہم ہیڈکوارٹر ہے۔
بحرین میں نیول سپورٹ ایکٹیویٹی بیس امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا مرکز ہے، جہاں تقریباً 9 ہزار اہلکار موجود ہیں۔
کویت میں کیمپ عریفجان امریکی فوج کا اہم بیس ہے جو مشرق وسطیٰ میں سپلائی اور کمانڈ کا مرکز مانا جاتا ہے۔
امارات میں الظفرہ ایئربیس اور عراق میں اربیل ایئربیس بھی امریکی فضائی کارروائیوں اور مقامی افواج کی تربیت کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔
امریکہ کی ان تنصیبات سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔