او جی ڈی سی ایل کا جھل مگسی میں موسمیاتی اثرات سے محفوظ 84 مکانات کی تعمیر کا اعلان
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ بلوچستان کے ضلع جھل مگسی کے گاؤں عمید علی راوتانی میں موسمیاتی اثرات سے محفوظ 84 مکانات کی تعمیر کے لیے ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ڈیولپمنٹ سوسائٹی (ہینڈز) کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ اس سلسلے میں موسمیاتی اثرات سے محفوظ مکانات کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد کی ایک پروقارتقریب عمید علی راوتانی گاؤں میں ہوئی، جو ایک اہم سنگ میل ہے۔ تفصیلات کے مطابق او جی ڈی سی ایل اور ہینڈز نے صوبہ بلوچستان کے ضلع جھل مگسی کے گاؤں عمید علی راوتانی میں ایک ماڈل ولیج کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، جس کی کل لاگت 84.929 ملین روپے ہے۔
ذرائع کے مطابق صحت، انفراسٹرکچر، پانی کی فراہمی اور ماحولیات پر کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے ساتھ او جی ڈی سی ایل کا مقصد جھل مگسی میں مقامی کمیونٹیز کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالنا ہے، جنہوں نے غربت اور سیلاب کے چیلنجوں کا سامنا کیا ہے۔ او جی ڈی سی ایل اور ہینڈزکے درمیان یہ اسٹریٹجک شراکت موسمیاتی اثرات سے محفوظ84 مکانات کی تعمیر کی بنیاد ہے۔ ہر گھر میں 15×15 کے کمرے، ایک واش روم، ایک کچن اور ایک برآمدہ شامل ہو گا، جو رہائشیوں کے لیے ضروری سہولیات فراہم کرے گا۔ توقع ہے کہ مکانات کی تعمیر 4 سے 6 ماہ کی مدت میں مکمل ہو جائے گی۔
یہ اقدام او جی ڈی سی ایل کے سماجی ذمہ داری اور کمیونٹی کی بہبود کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ او جی ڈی سی ایل پائیدار ترقی اور مثبت سماجی اثرات کے لیے اپنی لگن میں ثابت قدم ہے۔
مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمتوں میں حیرت انگیز کمی ،تفصیلات کے لیے جانیئے ،اوگرا کی منظوری