
پشاور: خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے ٹورسٹ سروسز ونگ کی جانب سے اہم اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا کے تمام سیاحتی مقامات پر کام کرنے والے ٹورگائیڈز اور ٹورآپریٹرز کیلئے رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ ٹورازم ایکٹ 2019 کے سیکشن 2، کلاز (af)، شیڈول I-(b) اور خیبرپختونخوا ہاسپیٹیلیٹی اینڈ ٹورازم سیکٹر ریگولیشن 2021 کی کلاز 60 کے تحت کیا گیا ہے۔ تمام ٹورآپریٹرز اور ٹور گائیڈز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ٹور پلان کرنے سے قبل لازمی طور پر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی سے رجسٹریشن اور لائسنس حاصل کریں۔ دورانِ ٹور لائسنس ساتھ رکھنا بھی ضروری ہوگا۔
ٹورسٹ سروسز ونگ نے خبردار کیا ہے کہ آج سے رجسٹریشن کے بغیر کام کرنے والے تمام ٹور آپریٹرز اور گائیڈز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جا رہا ہے۔ انسپکشن ٹیمیں مختلف سیاحتی مقامات پر چھاپے ماریں گی، اور خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے (40 ہزار روپے تک) عائد کیے جائیں گے، جبکہ گروپ کو موقع پر واپس بھی بھیجا جا سکتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ تمام سیاحوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹور پلان کرنے سے پہلے اپنے ٹورگائیڈ اور آپریٹر کے لائسنس کی تصدیق ضرور کریں تاکہ دوران سفر کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے اور ایک باشعور سیاح ہونے کا ثبوت دیا جا سکے۔
مزید معلومات اور رجسٹریشن کے لیے خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی سے رابطہ کریں۔
