قازقستان کے سفیر کی سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز آمد، ترقیاتی تعاون، سسٹر سٹی تعلقات اور ثقافتی تبادلوں پر تبادلہ خیال

0

قازقستان کے سفیر یرژان کیستافین نے آج سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد، اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سی ڈی اے کے دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے۔ یہ ملاقات ایک خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، خصوصاً اسلام آباد کی ترقی، خوبصورتی، ماحول دوست منصوبوں اور باہمی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

قازق سفیر نے اسلام آباد کی بہتری کے لیے سی ڈی اے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ آستانہ میں ایک شاہراہ کو قائداعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب کیا جائے جبکہ اسلام آباد میں قازق قومی شاعر آبائی قونانبائی کے نام سے ایک سڑک رکھی جائے، جس کی نقاب کشائی قازق صدر کے متوقع دورہ پاکستان کے موقع پر کی جائے گی۔

ملاقات میں اس امر پر بھی بات چیت ہوئی کہ اسلام آباد اور آستانہ کے درمیان سسٹر سٹی تعلق موجود ہے، جس کا آغاز 2004 میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط سے ہوا تھا۔ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے جدید ذبح خانہ، بزنس فیسلٹیشن سینٹر اور فٹبال اسٹیڈیم جیسے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسلام آباد میں اکتوبر میں ہونے والی صنعتی نمائش پر بھی بات چیت ہوئی۔

قازق سفیر نے سی ڈی اے کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رابطوں کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے پر اتفاق کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پاکستان قازقستان کو برادر ملک کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں سیاحت، ماحول دوست ٹرانسپورٹ، تھیم پارکس اور فوڈ اسٹریٹس جیسے منصوبوں کو اجاگر کیا اور ثقافتی و تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات کے اختتام پر قازق سفیر نے چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر حکام کو آستانہ کے دورے کی دعوت دی تاکہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے قازق سفیر کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔

یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی ترقی کے نئے باب کھولنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.