پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے حکومت پاکستان نے 2024 سے 2029 تک ایک نیا قومی اقتصادی منصوبہ "اڑان پاکستان” متعارف کرایا ہے۔ یہ منصوبہ خاص طور پر گلگت بلتستان میں معیشت، سیاحت، اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بہتری لانے کی توقعات کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ، حکومت گلگت بلتستان، مشتاق احمد نے کہا ہے کہ "اڑان پاکستان” علاقے میں معاشی استحکام، روزگار کے مواقع، اور بنیادی سہولتوں کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ گلگت بلتستان کی جغرافیائی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے، اس منصوبے کے تحت انفراسٹرکچر کی بہتری، توانائی کے منصوبے، اور سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
مشتاق احمد نے مزید کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد پاکستان کی برآمدات میں اضافہ، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، ماحولیاتی تحفظ، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری، اور معاشی برابری کو فروغ دینا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے۔
اڑان پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کو "5Es” پر مشتمل کیا گیا ہے، جن میں:
- برآمدات (Exports)
- ڈیجیٹل پاکستان (E-Pakistan)
- ماحولیاتی تحفظ (Environment & Food Security)
- توانائی و بنیادی ڈھانچہ (Energy & Infrastructure)
- برابری اور بااختیاری (Equity & Empowerment)
یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کو استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کا حصہ ہے، جس میں نجی شعبے کی شراکت، حکومتی اصلاحات، اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا گیا ہے۔
حکومت کی اس پالیسی کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے، جس کا مقصد نہ صرف مقامی سطح پر ترقی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہے۔
