پاکستانتازہ ترین

کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، تعاون کے فروغ کا آغاز

سی سی پی اورپی ایف اےکا فوڈپروڈکٹس کے گمراہ کن دعوؤں، مارکیٹنگ اور لیبلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات

 

کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) اور پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) نے دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ کو روکنے اور فوڈ پروڈکٹس کے گمراہ کن دعوؤں اور لیبلنگ سے صارفین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں۔

مفاہمت کی یادداشت کے تحت، پنجاب فوڈ اتھارٹی کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کو فوڈ اور بیوریج انڈسٹری سے متعلق قانونی کارروائی کے دوران کاروباری اداروں کے دعوؤں کی تصدیق کرنے میں اپنی ٹیسٹنگ سہولتیں فراہم کرے گی۔

یہ دستخط کی تقریب ڈائریکٹوریٹ جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں منعقد ہوئی، جس میں کمپیٹیشن کمیشن کے ممبر سلمان امین اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے شرکت کی۔

اس موقع پر ممبر سی سی پی سلمان امین نے دونوں اداروں کی مہارت اور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان میں فیئر ٹریڈ اور مارکیٹنگ انٹیلی جنس یونٹ دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ کو روکنے اور مصنوعات سے متعلق جھوٹے دعوؤں کو پکڑنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ یونٹ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ مصنوعات کے بارے میں کیے گئے دعوے حقائق اور شواہد پر مبنی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی تکنیکی سہولتیں اور اس کے وضع کردہ معیارات کمپیٹیشن کمیشن کی تمام کوششوں کو مزید مضبوط کریں گے، جس سے صارفین کو فائدہ پہنچے گا اور منصفانہ مقابلے کو فروغ حاصل ہوگا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے شرکاء کو صوبے میں قائم اپنے ریجنل دفاتر اور فوڈ پراڈکٹس کے تکنیکی تجزیے میں پی ایف اے کی مہارتوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے فوڈ پراڈکٹ لیبلز کی منظوری کے لیے پی ایف اے کے وضع کردہ رسمی طریقہ کار کی تفصیلات بھی بیان کیں۔

کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے درمیان اس مفاہمتی یادداشت سے دونوں اداروں کے درمیان تعاون بڑھے گا، جس سے دونوں ادارے مزید مضبوط ہوں گے۔ اس یادداشت کا مقصد مؤثر ڈیٹا شیئرنگ اور تفصیلی تجزیے کو فروغ دے کر شواہد پر مبنی فیصلہ سازی اور دونوں اداروں کی جانب سے قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button