قبضہ مافیا ، بھتہ خوری عروج پر,اسلام آباد انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی

0

اسلام آباد : اسلام آباد سبزی منڈی میں قبضہ مافیا کی جانب سے بے پناہ بدعنوانی اور بھتہ خوری کا بازار گرم ہے، جس کی وجہ سے سڑکوں پر پیدل چلنا یا گاڑیوں کا گزرنا تقریباً ناممکن ہوگیا ہے۔ سبزی منڈی کی اہم سڑکیں اور ملحقہ راستے قبضہ مافیا کے قبضے میں ہیں جنہوں نے ان سڑکوں کو ہزاروں روپے کے عوض بیچ رکھا ہے۔

منڈی میں ریڑھی فروش، چھابڑا فروش، ترپال والے ٹھیکے والے اور دیگر افراد سڑکوں پر قبضہ جمائے بیٹھے ہیں، جس کی وجہ سے لوڈر گاڑیاں اور دکانوں تک سامان پہنچانے والی گاڑیاں رش میں پھنس جاتی ہیں۔ قبضہ مافیا انہیں راستہ دینے سے انکار کرتا ہے، اور اگر کسی گاڑی کو راستہ دینے کی کوشش کی جائے تو ان مافیا کے افراد تاجروں اور ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں یا گاڑیوں کے ٹائروں سے ہوا نکال دیتے ہیں۔

تاجر برادری نے کئی بار چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر، ایڈیشنل چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی آئی جی، پریزیڈنٹ چیمبر آف کامرس اسلام آباد، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او سبزی منڈی اسلام آباد، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی اسلام آباد کو درخواستیں دی ہیں کہ سڑکوں کو قبضہ مافیا سے صاف کرایا جائے، مگر انتظامیہ کی جانب سے صرف عارضی اور رسمی کارروائیاں کی گئی ہیں، اور کچھ ہی دنوں بعد روڈ خالی کرانے کے بارے میں جھوٹی خبریں چھپوا دی گئیں۔

اس کے باوجود سڑکیں قبضہ مافیا کے قبضے میں ہیں، اور تاجروں کے ساتھ انتظامیہ کی جانب سے انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ نے تاجروں کی دکانوں سے سامان اٹھانا شروع کر دیا ہے اور ان کے اسٹول اور کرسیاں اٹھوا کر لے جا رہی ہے تاکہ تاجر بلیک میل ہوں اور اپنی درخواستیں واپس لے لیں۔

تاجر برادری نے وزیر داخلہ، چیف کمشنر، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ خود سبزی منڈی کا دورہ کریں اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ اگر انتظامیہ نے ان مسائل کا حل فوری طور پر نہ نکالا تو تاجر برادری ہڑتال کرنے اور منڈی کو بند کرنے کی دھمکی دے رہی ہے۔

تاجر برادری کا کہنا ہے کہ جب ان کی عزت اور کاروبار محفوظ نہیں رہیں گے تو کاروبار بند کرنا ہی بہتر ہوگا، اور وہ قبضہ مافیا کے خلاف اپنے حقوق کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.