اسلام آباد:سول سروسز اکیڈمی لاہور اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز اسلام آباد کے درمیان مفاہمت کی ایک نئی یادداشت (ایم او یو) پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز کیمپس اسلام آباد میں دستخط کئے گئے۔

مفاہمت کی مشترکہ یادداشت (ایم او یو) پر سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عاصم خان گورایہ نے دستخط کیے۔ ۔
دونوں اداروں نے ماہرین کے تبادلے کے علاوہ باہمی متفقہ موضوعات پر کانفرنسز، ورکشاپس، تربیتی پروگرامز اور سیمینارز سمیت تعلیمی تقریبات منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔
تحقیقی اقدامات پر تعاون اور پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ ساتھ سول سروسز اکیڈمی کے مشترکہ نمائشی دوروں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ یہ ایم او یو موثر مشترکہ اقدامات، ادارہ جاتی ترقی اور بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے ایک مضبوط بنیاد قائم کرتا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے کہا کہ یہ شراکت داری گورننس اور استعداد میں اضافے کے لیے تعلیمی فضیلت کو فروغ دینے کے ہمارے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے
ہمارا مقصد تربیت، تحقیق اور تعلیمی سرگرمیوں میں مشترکہ کوششوں کے ذریعے سرکاری ملازمین کو عصری چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ضروری صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عاصم خان گورایہ نے کہا کہ یہ ایم او یو پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز اور سول سروسز اکیڈمی کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔
ہمارا مقصد اپنے وسائل اور مہارت کو یکجا کرکے پارلیمانی صلاحیت اور گورننس کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متاثر کن پروگراموں اور صلاحیت سازی کے اقدامات کے لئے تیار ہیں۔
