کوئٹہ:(نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امن انسانیت کی بقاء اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج دنیا بھر میں امن سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
وزیر اعلیٰ بگٹی نے پاکستان کو عالمی سازشوں کے نرغے میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اندرونی معاملات کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے منفی کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات سے آنکھیں بند نہیں کی جا سکتیں، خاص طور پر بلوچستان میں حالات کو خراب کرنے میں بیرونی قوتوں کا کردار بھی اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "باہر بیٹھے ہینڈلر سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو ریاست سے دور کر رہے ہیں۔” بگٹی نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ امن دشمن عناصر نوجوانوں کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل کر امن کو مخدوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں کی تعلیم و ترقی کے لیے عالمی سطح پر اقدامات کرنے کا عزم کیا، جیسے کہ انہیں آکسفورڈ اور دیگر تعلیمی اداروں میں بھیجنے کا عمل۔ انہوں نے کہا کہ "امن کا قیام اور ہر شہری کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔”
بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عالمی دن کے موقع پر امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔