راولپنڈی: "تیز ترین اتھلیٹ کی تلاش” ، مقابلوں کا اعلان کر دیا گیا

0

 

راولپنڈی (کنول خان )ڈسٹرکٹ اتھلیٹک ایسوسی ایشن راولپنڈی نے “تیز ترین اتھلیٹ کی تلاش” کے لیے مقابلوں کا اعلان کر دیا ہے، جو 100 میٹرز ریس کے ذریعے اتھلیٹس کو اپنے اسپورٹس کی مہارت دکھانے کا موقع فراہم کریں گے۔ ان مقابلوں کی معاونت ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی اور رائٹ ٹو پلے کی تنظیم کریں گی۔

پہلے مرحلے میں، راولپنڈی، چکوال، تلہ گنگ، اسلام آباد، پنڈدادنخان، گوجرخان، جہلم، واہ، مری اور اٹک میں مقابلے منعقد ہوں گے۔ اس ایونٹ میں تین کیٹیگریز رکھی گئی ہیں: انڈر 17، انڈر 20، اور اوپن کیٹیگری۔ سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں کے طلباء اور سٹریٹ اتھلیٹس بھی حصہ لے سکتے ہیں۔

تیز ترین اتھلیٹ کی تلاش کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین، سابق ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ بریگیڈیر عارف صدیقی نے کہا کہ یہ اقدام ٹیلنٹ کی تلاش اور اس کی نشاندہی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ آرگنائزنگ سیکریٹری نے مزید بتایا کہ مقابلوں کا آغاز پاکستان سویٹ ہومز اسلام آباد کے بچوں سے ہوگا، اور پاکستان سویٹ ہومز کے چیئرمین زمرد خان ان مقابلوں کا افتتاح کریں گے۔

ابتدائی مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اتھلیٹس کو فائنل مقابلوں کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ ہر ابتدائی مقابلے میں پوزیشن ہولڈرز اور بہترین وقت دکھانے والے اتھلیٹس کو انعامات دیے جائیں گے، جبکہ تیز ترین اتھلیٹ قرار دیے جانے والے اتھلیٹس کو بڑے انعامات ملیں گے۔

ڈسٹرکٹ اتھلیٹک ایسوسی ایشن کے صدر سید حبیب شاہ، جو کہ 100 میٹرز کے قومی چمپئن اور قومی ریکارڈ ہولڈر بھی ہیں، نے اس ایونٹ کی اہمیت اور کامیابی کے امکانات پر روشنی ڈالی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.