کوئٹہ(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کیتھلین کمال رئیسانی فاؤنڈیشن (KKRF) کی قیادت سے ملاقات کی جس میں خواتین کے لئے بہتر سہولیات، بیرونِ ملک مہارتوں کے مواقع اور مالیاتی خواندگی کے پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین کو ضروری مہارتوں اور مالیاتی خواندگی سے آراستہ کرنا ان کی ذاتی کفالت اور معاشرتی ترقی کے لئے نہایت اہم ہے۔ ملاقات کے دوران محکمہ ترقی نسواں اور کیتھلین کمال رئیسانی فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت (MOU) کا جائزہ لیا گیا۔ اور خواتین کو متعلقہ سہولیات فراہم کرنے والے اداروں اور محکمہ ترقی نسواں کے درمیان موثر رابطے قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ بلوچستان کی خواتین بہتر خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کیتھلین کمال رئیسانی فاؤنڈیشن کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے فعال اقدامات اور لگن کو سراہتے ہوئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیتھلین کمال رئیسانی فاؤنڈیشن کی جانب سےخواتین کے لئے اقدامات قابل تعریف ہیں ۔محکمہ ترقی نسواں ایسے مؤثر پروگرام تیار کرنے کے لئے سماجی اداروں کی بھرپور حمایت کرے گا جو بلوچستان کی خواتین کو بااختیار بنانے میں معاون ثابت ہوں