بلوچ نے کسی پنجابی کو نہیں مارا بلکہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو مارا،وزیراعلیٰ بلوچستان

0

کوئٹہ(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس بدھ کے روز یہاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا کابینہ نے گزشتہ ماہ پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی پرزور مذمت کی اور ان واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے گورننس کی بہتری کیلئے اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھنے کا عزم کرتے ہوئے تمام وزراء، اراکین اسمبلی اور سیکرٹریز صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اندرون بلوچستان اضلاع کا دورہ کرکے عوامی مسائل کے حل کیلئے متحرک کردار ادا کریں۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت پائیدار ترقی کے لئے گڈ گورننس کے ذریعے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس عام بلوچستانی کے لئے کام کرنا ہے جو سردی میں ٹھٹھرتا اور گرمی میں جھلستا ہے ہم نے حکومتی اقدامات کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں نوجوانوں کو تخریب کاری کی جانب راغب کر رہی ہیں نام نہاد عناصر بلوچیت کے نام پر بلوچ روایات کو پامال کررہے ہیں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں کسی بلوچ نے کسی پنجابی کو نہیں مارا بلکہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو مارا ہے ہم نوجوانوں کو آکسفورڈ اور ہارورڈ سمیت دنیا کے اعلٰی تعلیمی اداروں میں بھیجوا رہے ہیں جبکہ دہشتگرد تنظیمیں اور ان کے سرغنہ نوجوانوں کو بھٹکا کر تخریبی کارروائیوں کی جانب راغب کررہے ہیں بلوچستان کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ کون ان کے بچوں کو تعلیم دلوا رہا ہے اور کون انہیں تخریب کاری کی جانب دھکیل رہا ہے، حکومت نہتے عوام کو مسلح جتھوں کے حوالے نہیں کرے گی اور ریاست کی عمل داری مکمل طور پر قائم رکھی جائے گی،

بدھ کے روز وزیر اعلٰی کی صدارت میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے بلوچستان کابینہ نے ای کامرس امپلیمنٹیشن پلان کی منظوری دی اس پلان کے تحت عالمی اور قومی مارکیٹ تک نوجوانوں بشمول خواتین کو مواقعوں اور رسائی کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے جس سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی کابنیہ نے گورننس کی بہتری کیلئے دی کوڈ آف کریمینل پروسیجر ترمیمی بل کی منظوری دی ہے اس ترمیمی قوانین کے تحت مہنگائی کی روک تھام، میونسپل سروسز کی بہتری اور مفاد عامہ کے لئے انتظامی افسران کو مجسٹریٹی پاورز تفویض کئے گئے ہیں لیویز فورس کے مختلف شہداءکو معاوضے کی ادائیگی کے لئے وزیر اعلٰی بلوچستان نے تین مختلف کیٹیگریز تشکیل دینے کی ہدایت کرکے جامع سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی

کابینہ نےفشریز سیکٹر کی ترقی اور بہتری کیلئے بھی فیصلے کئے جس کے تحت پسنی فش ہاربر کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا کابینہ نے فش ہاربر کی نئی سائٹ کے قیام کے لئے جگہ کے تعین اور منصوبے کو قابل عمل بنانے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں مقامی ماہی گیروں کی مشاورت کو بھی فیصلہ سازی میں شامل رکھا جائے بلوچستان کابینہ نے محکمہ فشریز کے انڈومنٹ فنڈ سے متعلق پالیسی کی منظوری بھی دی ہے جس سے فشرمین کی بہبود کیلئے وسائل میں اضافہ ہوگا کابینہ نے غیر قانونی ٹرالنگ کے خاتمے کیلئے میرین فشریز پیٹرولنگ ریگولیشن 2023 کی بھی منظوری دی ابتدائی طور پر پیٹرولنگ کے لئے 100 لیویز اہلکاروں کی خدمات محکمہ ماہی گیری کے حوالے کی جائیں گی

بلوچستان کابینہ نے چرنا آئی لینڈ میرین پروٹیکٹڈ ایریا میں مینگروز کی پیداوار میں اضافے کی منظوری بھی دی اور اس ضمن میں سیکرٹری جنگلات دوستین خان جمالدینی کو جامع سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی کابینہ نے بلوچستان سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق فیسوں کی شرح میں مناسب اضافہ کی منظوری بھی دی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تمام سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی ہے کہ کابینہ اجلاس میں ایجنڈے کے مطابق پوری تیاری کے ساتھ بروقت موجودگی کو یقینی بنائیں وزیر اعلٰی نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تمام فیصلوں کا مقصد صوبے کے عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.