مونال ریسٹورنٹ کے 700افراد بے روزگار،ملازمین کی دھاڑیں

0

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مونائل ریسٹورنٹ کے 700 ملازمین بے روزگار ہوگئے، کاروبار بند کرنے کا حتمی نوٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مونال ریسٹورنٹ کے مالک لقمان علی افضل کی جانب سے کاروبار بند کرنے کا حتمی نوٹس جذباتی پیغام کے ساتھ وائرل ہوگیا ہے، جس میں انہوں نے ملازمین سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی بے بسی کا نوحہ سنایا۔

سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد وائرل ہونے والے نوٹس میں مونال ریسٹورنٹ کے مالک لقمان علی افضل نے اپنے ملازمین کو مونال ریسٹورنٹ بند کرنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ 11 ستمبر 2024 سے ریسٹورنٹ کے تمام کام بند ہوجائیں گے کیونکہ یہ سپریم کورٹ کافیصلہ ہے۔

حتمی نوٹس میں مونال ریسٹورنٹ کے مالک لقمان علی افضل نے کہا کہ میرے لیے آپ کو خدا حافظ کہنا آسان نہیں ہے کیونکہ میرے اور آپ کے مابین 18سالہ رشتہ ہے۔ ایسالگتا ہے کہ ایک باپ اپنے بچوں کو الوداع کہہ رہا ہو۔ ذہن دل کا اور جذبات قلم کا ساتھ نہیں دے رہے۔

ملازمین کے ساتھ دلی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے لقمان علی افضل نے کہا کہ 2006 سے اللہ نے میرا اور آپ کا رزق ساتھ لکھ دیا۔ ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہوگئے۔ ہماری زندگی کے شب و روز اکٹھے گزرے۔ بے شک آنے والے ادوار میں ہمیں تاریخ ضرور یاد رکھے گی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مارگلہ نیشنل پارک کی حدود میں تمام ریسٹورنٹس بند کرنے کا حکم دیا ہے جن میں لامونٹانا اور مونال ریسٹورنٹ شامل ہیں جس کا مقصد نیشنل پارک کی متنوع جنگلی حیات کا تحفظ اور علاقے سے انسانی اثر و رسوخ کو کم کرنا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.