پاکستان اور چین علاقائی امن اور ترقی کے لیے پرعزم ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی

0

اسلام آباد(نیوزڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بدھ کے روز اسلام آباد میں چینی سفارتخانے میں خواتین کی صحت کے حوالے سے "شی پاور” منصوبے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت مند اور تعلیم یافتہ خواتین اور بچے ایک مستحکم اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں خواتین کے صحت کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے چین کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان بے مثال دوستی اور تعاون کا عکاس ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان کے عوام خصوصاً خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے اس منصوبے کے تحت چینی سفارتخانے کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

خواتین اور بچوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے، اسپیکر ایاز صادق نے اپنے دورِ اسپیکر شپ کے دوران کیے گئے اقدامات جن میں پائیدار ترقی کے اہداف پر پارلیمانی ٹاسک فورس کی تشکیل، خواتین کی پارلیمانی کاکس کا قیام ماں اور بچے کی غذائی قلت پر قومی پارلیمانی اجلاس کا انعقاد، اور پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں پر روشنی ڈالی۔

اسپیکر نے پاکستان اور چین کے درمیان گہری اور مضبوط دوستی پر روشنی ڈالتے ہوئے 2015میں صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کا ذکر کیا جس میں انہوں نے پارلیمنٹ سے خطاب کیاتھا اور اس موقع پر انہوں نے قومی اسمبلی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے گرین پارلیمنٹ منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر نے اس کے سماجی و اقتصادی ترقی، غربت کے خاتمے، زراعت اور صنعتی تعاون سمیت دیگر شعبوں میں توسیع کی تعریف کی۔ انہوں نے بلوچستان اور ملک بھر میں CPEC منصوبوں کے اعلیٰ معیار کے ساتھ ساتھ اس منصوبے کی تکمیل سے حاصل ہونے والے وسیع اقتصادی اور سماجی فوائد کو سراہا۔

اسپیکر نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا خطے کے طویل مدتی امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں ترقی اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے نوجوانوں کو تعلیم، صحت کی سہولیات، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی ضروری ہیں۔

اسپیکر نے سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون اور خطے میں امن اور پائیدار ترقی کیلئے مشترکہ کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاک-چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے کیلئے قومی عزم کا اعادہ کیا اور مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.