اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان میں منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پیشگی اقدامات اور اجتماعی جدوجہد پر زور دیا ہے۔
اس سال کا موضوع "واضح ثبوت: پیشگی روک تھام میں سرمایہ کاری کریں” کی مناسبت سے صدر زرداری نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ معاشرے سے منشیات کے عفریت کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کو تیز کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی پیداوار اور غیر قانونی اسمگلنگ نہ صرف نوجوانوں اور ان کے خاندانوں پر شدید اثر ڈالتی ہے بلکہ یہ مجرمانہ اور دہشت گردی کے عناصر کے لیے بھی مالی معاونت کا ذریعہ بنتی ہے۔
صدر زرداری نے کہا، "منشیات کے استعمال کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کے لیے تمام متعلقین بشمول قانون نافذ کرنے والے ادارے (LEAs)، میڈیا، سول سوسائٹی، والدین اور اساتذہ کا اشتراک عمل ضروری ہے۔” انہوں نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں اور پھیلاؤ کرنے والوں کو نشانہ بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ آگاہی پیدا کرنے، انسداد منشیات کے قوانین کو مضبوط بنانے، پیشگی روک تھام اور علاج معالجے میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے اور ان کی توانائیوں کو صحت مند اور مفید سرگرمیوں میں صرف کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر زرداری نے ہر شہری سے حکومت کی کوششوں میں ساتھ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ وہ انفرادی، خاندانی اور معاشرتی سطح پر منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کریں اور پیشگی روک تھام اور علاج کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا، "ہماری نوجوان نسل کا مستقبل ہمارے ہاتھوں میں ہے۔”
صدر زرداری نے اپنے پیغام کا اختتام کرتے ہوئے کہا، "ہماری اجتماعی کوششوں سے ہم ان شاء اللہ پاکستان کو منشیات سے پاک بنا سکتے ہیں۔”