بیجنگ(نیوزڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کا پانچ روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد ہفتہ کو پاکستان پہنچ گئے۔ اس حوالے سے پاکستان اور چین نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
واضح رہے کہ چین کے وزیر اعظم لی کیانگ کی دعوت پر شہباز شریف نے یہ دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نے اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ چینی قیادت اور حکام سے ملاقاتیں کیں۔ دورے کے دوران چین کے کاروباری اداروں اور سرمایہ کار کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی۔
پاکستان اور چین نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو اسٹریٹجک اونچائی اور طویل مدتی نقطہ نظر سے دیکھنا جاری رکھیں گے، پاکستان اور چین کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کریں گے اور دونوں ممالک کے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی اور فلاح و بہبود کو فروغ دیں گے۔
پاکستان اور چین نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے پانچ روزہ دورہ چین کے اختتام پر جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دونوں فریقین نے علاقائی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کو مشترکہ طور پر برقرار رکھنے کے لئے مل کر کام کرنے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ پاکستان اور چین کی کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون پر زور دیا گیا۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاک چین دفاعی تعاون خطے میں اسٹریٹجک توازن کے لیے اہم ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ضروری ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی منظرنامے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پاک چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر وسیع اتفاق رائے پایا گیا۔
فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر اور آہنی دوست ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کو سمجھا ہے، اعتماد کیا ہے اور ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ 73 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے پاکستان اور چین کے تعلقات بدلتے ہوئے بین الاقوامی ماحول کے امتحان پر پورا اترے ہیں اور ایک چٹان کی طرح مضبوط اور پہاڑ کی طرح غیر متزلزل رہے ہیں۔
چینی وفد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے خارجہ تعلقات انتہائی اہم ہیں۔ پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین تعلقات اس کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہیں۔
دونوں فریقین غیر متزلزل تزویراتی باہمی اعتماد، مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز عملی تعاون اور بین الاقوامی اور علاقائی امور پر قریبی تعاون کو برقرار رکھتے ہیں۔
چینی وفد نے پاکستان کو کامیاب عام انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد دی اور پاکستان کی نئی حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جو سماجی و اقتصادی ترقی، خوشحالی، اتحاد، استحکام اور سلامتی کے حصول کی کوششوں میں پاکستانی عوام کی قیادت کرے گی۔