پنجاب پولیس اور کپس ایجوکیشن سسٹم کے درمیان ایم او یو طے پا گیا
لاہور(نمائندہ خصوصی)پنجاب پولیس اور پاکستان کے معروف تعلیمی ادارے (کپس ایجوکیشن سسٹم ) کے درمیان ایم او یو طے پا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی ادارے کے چیف ایگزیکٹو عابد وزیر خان نے ایم او یو پر دستخط کئے۔
عابد وزیر خان کی قیادت میں آئے وفد میں سلمان مقصود ، اسد اللہ خان، میجر امجد، خالد وزیر خان، اسامہ عالم بیگ سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق نجی تعلیمی ادارے کے سکولز، کالجز، ایوننگ کوچنگ سنٹرز، ایم ڈی کیٹ سمیت ٹیسٹوں کی تیاری میں فیس پر خصوصی رعایت ملے گی۔پولیس شہدا کے بچوں کو مفت داخلہ ، تعلیمی اخراجات میں 100 فیصد رعایت ملے گی۔حاضر سروس، دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو ایڈمیشن، ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت ملے گی۔پولیس ملازمین کے انتہائی مستحق بچوں کو کیس ٹو کیس بنیاد پر مکمل فیس معافی کی رعایت بھی حاصل ہوگی۔
، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ کپس کو کوالٹی ایجوکیشن کے حوالے سے پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں میں منفرد حیثیت حاصل ہے،ایم او یو کی بدولت پولیس ملازمین کے بچے بہترین تعلیمی اداروں میں اپنا تعلیمی سفر بغیر کسی پریشانی مکمل کرسکیں گےگذشتہ ایک برس میں پولیس ملازمین کو بچوں کو تعلیمی اخراجات کیلئے 85 کروڑ روپے کے اسکالرشپ دئیے گئے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا، کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین اور اے آئی جی ویلفیئر عمارہ شیرازی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔