ایک سال میں پاکستانیوں نے کتنے ارب ڈالرز کی آن لائن شاپنگ کی؟ حیران کن انکشاف
اسلام آباد: پاکستانی صارفین کی جانب سے آن لائن خریداری میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں ایک سال کے دوران 10.4 ارب ڈالرز کی شاپنگ ریکارڈ کی گئی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں پاکستان میں ای کامرس کا رجحان تیزی سے فروغ پایا ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء، ادویات، کپڑے، جوتے، گھریلو سامان اور الیکٹرانکس جیسی چیزیں اب گھر بیٹھے خریدنا نہ صرف ایک سہولت بلکہ عوامی ضرورت بنتی جا رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ آن لائن خریداری میں سب سے زیادہ خرچ الیکٹرانکس، فیشن، بیوٹی پراڈکٹس اور مہنگی لگژری آئٹمز پر کیا گیا۔ الیکٹرانکس کے بعد دوسرا بڑا شعبہ آن لائن ہوائی سفر کی بکنگ ہے، جس سے سالانہ تقریباً 2.3 ارب ڈالر کی آمدن حاصل ہو رہی ہے۔
اسی طرح پروازوں، ہوٹلوں اور چھٹیوں کی آن لائن بکنگ میں بھی تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ 2027 تک پاکستان میں آن لائن شاپنگ کا حجم 12 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔
فیشن کی خریداری، بشمول ملبوسات اور ایکسیسریز، ایک ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جو نوجوان صارفین میں آن لائن شاپنگ کے بڑھتے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 80 فیصد پاکستانی صارفین موبائل فونز کے ذریعے آن لائن شاپنگ کرتے ہیں، جب کہ 93.7 فیصد خریدار اب بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث کیش آن ڈیلیوری کو ترجیح دیتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آن لائن کھانے کے آرڈرز نے بھی 168.4 ملین روپے کا حصہ ڈالا، جو بدلتے ہوئے طرزِ زندگی اور ڈیجیٹل سہولت کو اپنانے کی جانب عوامی رجحان کو ظاہر کرتا ہے۔
حکومت نے ای کامرس کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے 2030 تک ای کامرس برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔