فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو امریکی صدر جوبائیڈن نے نیویارک میں ڈیموکریٹک فنڈ ریزنگ کی ایک تقریب کے موقعے پر کہا کہ ’ہمیں 1962 میں کینیڈی اور کیوبن میزائل بحران کے بعد سے نیوکلیئر آرماگیڈن کے امکانات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔‘
پارٹی کے حامیوں سے خطاب کے دوران امریکی صدر نے روسی صدر کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی سے پیدا ہونے والے خطرات کے بارے میں سخت تبصرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیوبن میزائل بحران کے بعد پہلی مرتبہ ہمیں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا براہ راست خطرہ ہے۔
صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ روسی صدر کی کیا حکمت عملی ہوگی۔
کیوبن میزائل بحران 1962 میں سامنے آیا تھا اور یہ سرد جنگ کے خطرناک ادوار میں سے تھا۔ اس وقت کے امریکی صدر جان ایف کینیڈی نے کیوبا میں سوویت میزائلوں کی موجودگی اعلان کیا تھا۔