: پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ اور سوشل ایکٹوسٹ نادیہ جمیل رضوانہ سے ملاقات
نادیہ جمیل کی رضوانہ سے ملاقات، دل کو چھو لینے والے لمحات کا تذکرہ کردیا
پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل نے سول جج کی اہلیہ کے ہاتھوں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بننے والی 13 سالہ رضوانہ سے ملاقات کی۔
اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ملاقات کے بعد مداحوں سے دل کو چھو جانے والے لمحات کا تذکرہ کیا۔ اُنہوں نے بچی کا احوال بیان کرتے ہوئے لکھا کہ، ’وہ بہت درد میں تھی اور بری طرح زخمی تھی، اس کا سر بہت درد کر رہا تھا۔‘
اداکارہ کا بچی سےبات چیت کے دوران کہنا تھا کہ ’تم کیا چاہتی ہو؟‘ اس سوال پر رضوانہ کی آنکھیں چمک اٹھیں اور اس نے ایک کمزور آواز اور خوبصورت شرمیلی مسکراہٹ کے ساتھ کہا، ’گڑیا چاہئیے۔‘
اداکارہ نے جب گڑیا کے نام کا پوچھا توتشدد کا نشانہ بننے والی رضوانہ نے سر درد کی پرواہ کیے بغیر کہا، ’ڈولی!‘
13 سالہ رضوانہ نے اداکارہ سے کہا، ’بہت مارا مجھے باجی، بہت مارا‘
بعد ازاں اداکارہ نے جزباتی ہوکر لکھا، ’وہ صرف ایک بچی ہے، وہ ٹھیک ہونا چاہتی ہے، کھیلنا چاہتی ہے، مسکرانا چاہتی ہے۔ برائے مہربانی اس مسکراہٹ کی حفاظت کریں!
خیال رہے کہ 25 جولائی کو سرگودھا سے تعلق رکھنے والی 13 سالہ گھریلو ملازمہ کے ساتھ بدترین تشدد کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا۔