غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے برطانوی پارلیمنٹ میں پیش قرارداد مسترد
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے برطانوی پارلیمنٹ میں پیش قرارداد مسترد کردی گئی۔
غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے برطانوی پارلیمنٹ میں قرارداد اسکاٹش نیشنل پارٹی کی جانب سے کی گئی تھی جس کے حق میں 125 اور مخالفت میں 293 ووٹ آئے جب کہ غزہ میں انسانی ہمدردی کے تحت جنگی کارروائیوں میں وقفے سے متعلق قرارداد بھی مسترد کردی گئی۔
جنگی کارروائیوں میں وقفے کی قرارداد سر کئیر اسٹارمر نے پیش کی جس کے حق میں 183 اور مخالفت میں 290 ووٹ آئے، مخالفت پر سر کئیر اسٹارمر نے کہا کہ افسوس ہے کچھ ساتھی پارٹی پالیسی کی حمایت کرنے سے قاصر تھے۔
برمنگھم سے لیبر رکن اور شیڈو وزیر جیس فلپس نے بھی عہدے سے استعفی دیتے ہوئے لیبر لیڈر کے نام خط لکھا کہ میرا ووٹ حلقے کے عوام کی امنگوں کا ترجمان ہے، غزہ میں فوجی کارروائی کا قیام امن کے راستے میں بڑی رکاوٹ ہے۔
مزید پڑھیں: غزہ: الشفا اسپتال کے کمپاؤنڈ میں شہید 179 فلسطینیوں کی اجتماعی قبر میں تدفین کردی گئی
اس کے علاوہ لیبر پارٹی کے 56 اراکین نےغزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کے حق میں پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دیا۔
لیبر رکن پارلیمنٹ خالد محمود نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے، حیرت کی بات ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ میں جنگ بندی کی قرارداد مسترد ہوئی، غزہ میں بمباری سے خواتین اور بچے مر رہے ہیں۔