صحت

امراض قلب اور ذیابیطس سے بچانے کے لیے بہترین غذا

اگر آپ خود کو ذیابیطس اور دل کی شریانوں سے جڑے امراض بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو اپنی غذا کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں۔

یہ بات جرمنی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

German Diabetes Centre کی تحقیق میں بتایا گیا کہ گوشت اور دودھ کا استعمال محدود جبکہ پھلوں، سبزیوں، گریوں، زیتون کے تیل اور سالم اناج کے زیادہ استعمال سے ذیابیطس ٹائپ 2 اور امراض قلب کا خطرہ نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

اس تحقیق میں 37 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا تھا۔

ان تحقیقی رپورٹس میں غذائی انتخاب سے صحت پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا تھا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ سرخ اور پراسیس گوشت کی جگہ نباتاتی غذاؤں کو دینے سے امراض قلب اور ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ گوشت، انڈے، دودھ، چکن اور مکھن وغیر ہ کی جگہ گریوں، دالوں، سالم اناج اور زیتون کے تیل کا استعمال صحت کے لیے بہترین ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ محض ایک دن میں پراسیس گوشت کی 50 گرام کی جگہ دالوں یا گریوں کو دینے سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

تحقیق میں یہ نہیں بتایا کہ نباتاتی غذاؤں سے صحت کو فائدہ کیوں ہوتا ہے مگر مختلف تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گوشت میں چکنائی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جس سے ذیابیطس اور امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔

مزید پڑھیں؛ صحت مند زندگی گزارنے کے چند رہنما اصول

اسی طرح پراسیس گوشت میں نمک اور نائٹریٹ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو دل کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔

دوسری جانب نباتاتی غذاؤں میں فائبر، وٹامنز، منرلز، اینٹی آکسائیڈنٹس اور دیگر مرکبات موجود ہوتے ہیں جو جسمانی ورم کو کم کرکے مختلف امراض سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل بی ایم سی میڈیسن میں شائع ہوئے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button