Gas Leakage Web ad 1

پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ایڈہاک لگانے اور شفاف انتخابات کا مطالبہ، اولمپئینز کی شہلا رضا کے ہمراہ پریس کانفرنس

پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ایڈہاک لگانے اور شفاف انتخابات کا مطالبہ، اولمپئینز کی شہلا رضا کے ہمراہ پریس کانفرنس

0

رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے اسلام آباد میں نامور اولمپئینز شہناز شیخ، سمیع اللہ، کلیم اللہ، حنیف خان اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن پر فوری طور پر ایڈہاک لگا کر ایک غیر جانبدار عبوری صدر نامزد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صدر طارق بگٹی منتخب نہیں بلکہ نامزد کردہ ہیں جنہیں صرف کلبوں کی سکروٹنی اور الیکشن کروانے کا ٹاسک دیا گیا تھا، مگر انہوں نے ضابطوں کے خلاف خود کو صدر منتخب کروالیا۔ شہلا رضا کا موقف تھا کہ قانونی طور پر کوئی بھی نگران خود انتخابات میں حصہ لینے کا اہل نہیں ہوتا، اس لیے فیڈریشن کی موجودہ حیثیت غیر قانونی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور کاروباری افراد کے لیے ریلیف متوقع

پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا گیا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ہاکی کلبوں کی یکطرفہ سکروٹنی کو مسترد کرتے ہوئے پی ایچ ایف کی مالی ساکھ پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔ شہلا رضا نے الزام عائد کیا کہ رانا مجاہد نے ایک پورٹل کے ذریعے من پسند کلبوں کی رجسٹریشن کی ہے تاکہ انتخابی نتائج پر اثر انداز ہوا جا سکے۔ انہوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی ایس بی نے مداخلت نہ کی تو قومی کھیل کا مستقبل تاریک ہو جائے گا، کیونکہ کھلاڑیوں کو ان کا جائز ڈیلی الاؤنس تک نہیں مل رہا۔

سابق اولمپئین شہناز شیخ نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم کی بنائی گئی کمیٹی کو پہلے ہی یہ سفارشات دی گئی تھیں کہ غیر جانبدار قیادت میں ملک بھر کے کلبوں کی شفاف سکروٹنی کے بعد انتخابات کروائے جائیں۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ قومی کھیل کی اس تباہی کا نوٹس لیں اور اسے بچانے کے لیے اپنا فوری کردار ادا کریں۔ اولمپئینز کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے معاملات میں شفافیت لائے بغیر ہاکی کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنا ممکن نہیں ہے اور اس کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔

سابق اولمپئین سمیع اللہ نے ہاکی کی زوال پذیری پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بیس سال سے قومی کھیل مسلسل تباہی کا شکار ہے اور جب قومی ٹیم عالمی رینکنگ میں اٹھارویں نمبر پر ہوگی تو کوئی بھی ادارہ اسے اسپانسر کرنے کے لیے تیار نہیں ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ صرف میرٹ پر مبنی اچھے کلبوں کو اوپر لا کر ہی پاکستان ہاکی کے ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ پریس کانفرنس کے اختتام پر ایک بار پھر وزیر اعظم سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ پی ایچ ایف میں عبوری سیٹ اپ قائم کریں تاکہ صاف و شفاف انتخابات کے ذریعے پاکستان ہاکی کا سنہرا دور واپس لایا جا سکے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.