کراچی میں جاری پینتیسویں نیشنل گیمز کے فٹبال مقابلے میں پاکستان آرمی اور واپڈا کے کھلاڑی آپس میں گتھم گتھا ہو گئے، جس کے بعد اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا۔ نیشنل گیمز کے فٹبال سیمی فائنل میں پاکستان آرمی اور واپڈا کے کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔ سیمی فائنل ختم ہوتے ہی دونوں ٹیموں کے پلیئرز گتھم گتھا ہو گئے۔
نگران وزیراعلیٰ نے صوبائی ترقی کو تیز کرنے کے لیے این ایف سی شیئر اور منصوبوں میں شفافیت پر زور
دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے اس جھگڑے کی وجہ سے کے پی ٹی اسپورٹس کمپلیکس کا فٹبال اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا۔ ہوا کچھ یوں کہ میچ ختم ہوتے ہی فاتح ٹیم آرمی کے کھلاڑیوں نے واپڈا کے بینچ کے سامنے جارحانہ انداز میں جشن منایا۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے پلیئرز میں گالم گلوچ کے بعد ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔
تلخ کلامی کے دوران واپڈا کے کھلاڑی شائق دوست نے آرمی کے پلیئر کو آ کر کک کیا، جس پر لڑائی سخت ہو گئی۔ لڑائی کے دوران واپڈا کے چند کھلاڑی ایک متنازع فیصلے کی بنیاد پر ریفری پر چڑھ دوڑے۔ ریفری خود کو بچانے کے لیے کمرے میں گئے، تو پلیئرز کمرے میں بھی گھس گئے۔ کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر ریفری پر تشدد بھی کیا۔
میچ کمشنر اور آفیشل معاملے کی رپورٹ پی او اے اور فٹبال فیڈریشن کو بھجوائیں گے۔ معاملے پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے خلاف انضباطی کارروائی کا امکان ہے۔