پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اگلے ایک یا دو سال کے دوران فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں، اگرچہ پرتگال نے ابھی تک 2026 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کیا ہے۔
رونالڈو نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ چالیس سال کی عمر میں شاندار کیریئر کو اس چمک دمک کے ساتھ جاری نہیں رکھا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پچیس، چھبیس سال کی عمر سے ہی اپنے مستقبل کی تیاری کر رکھی ہے، اس لیے وہ ریٹائرمنٹ کے دباؤ کو برداشت کر سکیں گے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر چیز کا اختتام ہوتا ہے، اس لیے وہ اپنے فٹبال کیریئر کا اختتام کر کے اپنے خاندان اور بچوں کی پرورش کے لیے زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔ رونالڈو فی الحال سعودی عرب کے الناصر کلب کے لیے کھیل رہے ہیں اور اب تک کلب اور قومی ٹیم دونوں کی طرف سے 952 گولز کر چکے ہیں۔